ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ای ڈی کی طرف سے بیوی کو سمن ملنے پرسنجے راوت کا ٹوئٹ، آؤ دیکھیں ذراکس میں کتناہے دم؟

ای ڈی کی طرف سے بیوی کو سمن ملنے پرسنجے راوت کا ٹوئٹ، آؤ دیکھیں ذراکس میں کتناہے دم؟

Mon, 28 Dec 2020 10:17:44  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی، 28 دسمبر (آئی این ایس انڈیا)انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے شیوسینا راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے راوت کی اہلیہ ورشا راوت کو 29 دسمبر کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا ہے۔

یہ نوٹس پی ایم سی بینک گھوٹالہ کیس کی تحقیقات سے متعلق ہے۔ این سی پی نے اس کارروائی کو سیاسی حوصلہ افزائی قرار دیتے ہوئے مرکز کی بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ ادھر سنجے راوت نے ٹویٹ کیا ہے۔سنجے راوت نے اپنے ٹویٹ میں لکھاکہ آؤ دیکھیں ذرا،کس میں ہے کتنادم،دم کے رکناقدمیرے ساتھیو!۔

ان کا ٹویٹ ای ڈی سمن سے جوڑکردیکھا جارہا ہے۔ سنجے راوت مسلسل بی جے پی کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔ ان دنوں انہوں نے نئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج کی بھی حمایت کی اور مرکز کے فیصلے پر سوال بھی اٹھایا۔تاہم جب ای ڈی سمن سے متعلق سنجے راوت سے پوچھاگیا تو انہوں نے فون پر کہا کہ اس وقت میں اس کے بارے میں کچھ نہیں جانتا ہوں، جیسے ہی مجھے کوئی معلومات ملے گی، میں پریس کانفرنس کے ذریعے آگاہ کروں گا۔

ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کو سال 2019 میں پی ایم سی بینک گھوٹالے کا انکشاف ہوا تھا۔ جعلی بینک اکاؤنٹ کے ذریعے 6500 کروڑ روپئے کا قرض دیا جارہا تھا۔ ریزرو بینک نے رقم نکالنا بند کردیا تھا۔ آر بی آئی نے اسے دھوکہ دہی اور مجرمانہ سازش کا مقدمہ درج کیا۔ ای ڈی منی لانڈرنگ اور جعلسازی کے معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔


Share: